29 مئی ، 2024
کراچی میں آج سے تین روز کے دوران ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کا درجہ حرارت آج 40 ڈگری یا اس سے زائد ہوسکتا ہے جو آئندہ دو روز کے دوران 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب75 فیصد ہے اور مغرب سے 29کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےہوائیں چل رہی ہیں۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ اس وقت اندرون سندھ گرمی کی لپیٹ میں ہے، رواں سیزن میں اندرون سندھ کے علاقوں میں 53 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، مئی2017 میں تربت میں درجہ حرارت 54 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو ملکی تاریخ کا بلندترین درجہ حرارت ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ کے بعض اضلاع میں آج مسلسل ساتویں روز درجہ حرارت 50 ڈگری یا زائد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، نواب شاہ، موہن جو دڑو، دادو اور سبی میں پارا 50 ڈگری یا اس سے اوپر جائے گا، لاہور میں پارا آج 46 ڈگری کو چھوئے گا جب کہ ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں 48 سے 49 ڈگری متوقع ہے، فیصل آباد او ر سرگودھا میں 47 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شام یا رات میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔