29 مئی ، 2024
رواں مالی سال میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 5 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق برآمدات اور ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا ہے اور درآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ بیرونی سرمایہ کاری میں 93 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کم ہورہی ہے، معاشی استحکام کے لیے پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے، آئی ایم ایف قرض پروگرام مستحکم پالیسی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درآمدات میں رواں مالی سال 5.3 فیصد کمی ہوئی، بیرونی سرمایہ کاری 10 ماہ میں 93.1 فیصد بڑھ گئی، زرمبادلہ ذخائر میں 10 ماہ کے دوران 5 ارب ڈالر تک کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں روپے کی قدر میں 9 روپے تک اضافہ ہوا، 10 ماہ میں ایف بی آر محصولات میں 30.6 اور نان ٹیکس آمدنی میں 94.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال مالی خسارے میں 26.8 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ رواں سال زرعی شعبے کی پیداوار 6.25 فیصد رہی ہے۔