Time 29 مئی ، 2024
دنیا

بھارت میں آج درجہ حرارت اب تک کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچا

بھارت میں آج درجہ حرارت اب تک کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچا
فوٹو: رائٹرز

بھارت میں شدید گرمی کی لہر کے دوران  آج درجہ حرارت اب تک کی ریکارڈ سطح 52.3 ڈگری سینٹی گریڈ پر جا پہنچا۔ 

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق اس سے پہلے سب سے زیادہ درجہ حرارت 2016 میں راجستھان میں 51 ڈگری تک پہنچا تھا۔ 

آج دارالحکومت نئی دہلی میں درجہ حرارت 52.3 ڈگری ریکارڈ ہوا، نئی دہلی میں اس سے پہلے 2002 میں درجہ حرارت 49.2 کی ریکارڈ سطح تک پہنچا تھا، راجستھان میں آج درجہ حرارت 51 ڈگری، ہریانا میں 50.3 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

نئی دلی میں صحت کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے، حکام کے مطابق گرمی کی شدت سے تمام عمر کے افراد کو ہیٹ اسٹروک کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ 

حالیہ گرمی کی لہر سے ریاست راجستھان میں ہیٹ اسٹروک سے اب تک 13 اموات ہوچکی ہیں، ریاست بہار کے اسکولوں میں طلبا گرمی سے بےحال ہوگئے، کچھ طالبات بے ہوش ہو گئیں۔

گرمی کی شدت سے مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی کے جنگلات میں آگ لگ گئی،گزشتہ ہفتے سے اب تک جنگلات میں آگ لگنے کے 8 واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے انسانوں کی پیدا کردہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایشیائی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

مزید خبریں :