Time 30 مئی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کی دوسری شادی، اہلیہ کے ساتھ تصاویر سامنے آگئیں

بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کی دوسری شادی، اہلیہ کے ساتھ تصاویر سامنے آگئیں
پاپارازی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر منور فاروقی اور ماہ جبین کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جوڑی کی جانب سے کیک کاٹنے کی یہ پہلی تصویر ہے__فوٹو: اسکرین گریب/انسٹاگرام

بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کی ماہ جبین کوٹوالا کے ساتھ دوسری شادی کی خبر کے بعد دونوں کی کیک کاٹنے کی تصاویر سامنے آئی ہیں۔

گزشتہ کچھ روز سے بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 17 کے فاتح منور فاروقی کی دوسری شادی سے متعلق افواہیں زیر گردش تھیں جس کی تصدیق بھارتی میڈیا نے کی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق منور فاروقی نے گزشتہ ہفتے 26 مئی کو ایک میمن گھرانے سے تعلق رکھنے والی لڑکی ماہ جبین کوٹوالا سے شادی کی البتہ  وہ ابھی اس سب کو خفیہ رکھنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی شادی کی تصاویر کہیں نظر نہیں آئیں گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ممبئی میں ہونے والی منور اورماہ جبین کی شادی کی تقریب میں بھی جوڑے کے والدین اور کچھ قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

تاہم اب منور فاروقی اور ماہ جبین کی ایک خوشگوار ماحول میں تصویر سامنے آئی ہے جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا پر سامنے آنے والی ان تصاویر میں بھارتی کامیڈین کو اپنی اہلیہ کے ساتھ کیک کاٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پاپارازی  نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر منور فاروقی اور ماہ جبین کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جوڑے کی جانب سے کیک کاٹنے کی یہ پہلی تصویر ہے۔

واضح رہے کہ منور فاروقی کی پہلی شادی سے ان کا ایک بیٹا ہے اور جوڑے کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اپنی پہلی شادی کے حوالے سے بگ باس میں بات کرتے ہوئے منور نے بتایا تھا کہ ان کی پہلی شادی والدین کی مرضی سے خاندان میں ہوئی جو چل نہیں سکی۔

اس کے علاوہ انہوں نے پہلی بیوی اور بچے کے حوالے سے مزید بات کرنے سے گریز کیا تھا۔

مزید خبریں :