31 مئی ، 2024
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ جیت کیلئے اسٹرائیک ریٹ بھی بڑھانا ہوگا اور فتوحات کے سفر پر دوبارہ گامزن ہونے کیلئے کھلاڑیوں کو ماڈرن کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
لندن میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری اور چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ سیریز ہارنے کا افسوس ہے، سیریز جیت کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بلند حوصلوں کے ساتھ جانے کی ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ مڈل اوورز میں بلے بازوں نے ذمہ داری نہیں دکھائی اور وکٹیں گنوائیں، یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے بڑا اسکور نہیں کرسکے جبکہ بولرز نے بھی اچھی بولنگ نہیں کی اور زیادہ رنز دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان سمیت تمام کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر ہوا، شکست کے بعد سوالات اٹھتے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ بالکل مختلف گیم ہے اس میں بہتر نتائج دیں گے، امریکا کی کنڈیشنز سے واقف نہیں لیکن ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہیں۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کو اپنے رول کا پتہ ہے، ورلڈ کپ میں تمام کھلاڑیوں کو ذمہ داری لینا ہوگی۔