31 مئی ، 2024
اسلام آباد ہائیکورٹ نے احمد فرہاد کی بازیابی کیلئے دائر درخواست نمٹانے کی ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے احمد فرہاد کی اہلیہ عروج زینب کی جانب سے شوہر کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں درخواست گزار کے وکلا ایمان مزاری، ہادی علی ایڈووکیٹ اور حکومت کی طرف سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال عدالت میں پیش ہو ئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال نے عدالت کو بتایا کہ احمد فرہاد 2 جون تک جسمانی ریمانڈ پر ہے، ان کو فیملی سے ملوادیا گیا لہٰذا حبس بےجا کی پٹیشن نمٹائی جائے۔
اس پر ایمان مزاری نے کہا کہ ہم نےصرف واپسی نہیں مانگی تھی، ہم نے یہ بھی مانگا تھا کہ جبری گمشدگی کے ذمہ داران کےخلاف کارروائی ہو۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی درخواست نمٹانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس صرف تب ختم ہوگا جب وہ عدالت میں پیش ہوگا، جس دن احمد فرہاد کورٹ میں آئے گا ہم پٹیشن نمٹا دیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 7 جون تک ملتوی کردی۔