01 جون ، 2024
بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد ایگزٹ پول میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو برتری حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بھارت میں لوک سبھا (ایوان زیریں) کے ساتویں اورآخری مرحلے کیلئے 8 ریاستوں کی 57 نشستوں پر ووٹنگ کے بعد انتخابات کا مرحلہ ختم ہوگیا۔
ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے تک جاری رہا۔ سات مراحل میں ہوئے انتخابات کے نتائج کا اعلان 4جون کو کیا جائے گا تاہم سرویز ایجنسیز اور بھارتی میڈیا کی جانب سے ایگزٹ پول جاری کردیے گئے ہیں۔
ری پبلک بھارت میٹرکس کی جانب سے جاری کردہ ایگزٹ پول کے مطابق حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور دیگر جماعتوں کے اتحاد پر مشتمل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو 543 میں سے 353 سے 368 نشستیں ملنے کا امکان ہے جبکہ کانگریس پر مشتمل اتحاد ’انڈیا‘ کو 118 سے 133 نشستیں مل سکتی ہیں اور دیگر کو 43 سے 48 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ جان کی بات ایجنسی کے ایگزٹ پول میں کہا گیا ہے کہ این ڈی اے کو 362 سے 392، انڈیا اتحاد کو 141 سے 161 اور دیگر کو 10 سے 20 نشستیں مل سکتی ہیں۔
دینک بھاسکر کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی سربراہی میں بنے دائیں بازو کے اتحاد کو 285 سے 350 جبکہ کانگریس اتحاد کو 145 سے 201 اور دیگر جماعتوں کو 33 سے 49 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
انڈیا نیوز ڈی ڈائنامکس کے ایگزٹ پول میں بتایا گیا ہے کہ این ڈی اے 371، انڈیا 125 اور دیگر جماعتوں کو 47 نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔
ریپبلک ٹی وی پی مارک کی جانب سے جاری ایگزٹ پول میں بھی این ڈی اے کو 359، اپوزیشن اتحاد انڈیا کو 154 اور دیگر جماعتوں کو 30 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایگزٹ پول کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے کئی ریاستوں میں مخالفین سے آگے ہے اور ان ریاستوں میں گجرات، دہلی، اڑیسہ، آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ شامل ہیں جبکہ کانگریس کی پنجاب اور کیرالہ میں برتری کا امکان ہے۔
حکومت بنانے کیلئے لوک سبھا میں 272 ارکان کی حمایت ضروری ہے اور ایگزٹ پول جاری ہونے کے بعد نریندر مودی کا مسلسل تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے کا امکان ہے۔
نوٹ: ایگزٹ پول کے اندازے یا پیشگوئی ضروری نہیں ہے کہ درست ہو تاہم بھارتی انتخابات میں بعض دفعہ نتائج ایگزٹ پول کے قریب ترین بھی آئے ہیں۔