03 جون ، 2024
میٹا کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کے ہر حصے میں شامل کیا جا رہا ہے۔
ایسا ہی فیس بک ایپ میں کمنٹس سیکشن کے ساتھ بھی کیا جا رہا ہے۔
میٹا اے آئی کو فیس بک کے کمنٹ سیکشن کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین لوگوں کے کمنٹس کا خلاصہ جان سکیں۔
درحقیقت اگر آپ اس فیچر کو استعمال کریں تو اندازہ ہوگا کہ فیس بک کمنٹس کس حد تک مضحکہ خیز ہوتے ہیں۔
اگر آپ فیس بک پوسٹس کے کمنٹس پر کلک کریں تو چند پوسٹس پر اے آئی سمری کا آپشن بھی نظر آئے گا۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ میٹا کی جانب سے یہ انتخاب کیسے کیا جاتا ہے کہ کونسی پوسٹس میں کمنٹس کی سمری نظر آنی چاہیے۔
کمپنی کی جانب سے فی الحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
یہ بھی واضح نہیں کہ اس فیچر سے صارفین کو کیا فائدہ ہوگا کیونکہ عموماً فیس بک میں لوگوں کے کمنٹس کافی عجیب ہوتے ہیں۔
مگر اس سے یہ جاننے میں ضرور مدد ملے گی کہ فیس بک پر لوگوں کے کمنٹس ذہن گھما دینے والے ہوتے ہیں۔
اے آئی سمری سے صارفین کی پرائیویسی بھی متاثر ہو سکتی ہے کیونکہ میٹا کی جانب سے کمنٹس کو اے آئی سسٹم میں فیڈ کیا جائے گا۔
حالیہ ہفتوں کے دوران یورپ میں فیس بک اور انسٹا گرام صارفین کو نوٹیفکیشن بھیج کر بتایا گیا ہے کہ ان کے مواد کو میٹا اے آئی کو تربیت دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔