Time 07 جون ، 2024
کھیل

امریکا سے پاکستان کو شکست، یووراج سنگھ کی پاکستان کیلئے کی جانیوالی ٹوئٹ وائرل

امریکا سے پاکستان کو شکست، یووراج سنگھ کی پاکستان کیلئے کی جانیوالی ٹوئٹ وائرل
مجھے سمجھ نہیں آیا کہ جب امریکی ٹیم کی جانب سے بائیں ہاتھ کا بولر بولنگ کروارہا تھا تو فخر زمان نے اسٹرائیک کیوں نہیں لی: سابق بھارتی کرکٹر__فوٹو: ای ایس پی این

بھارت کے سابق کرکٹر یووراج سنگھ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی امریکا کے ہاتھوں شکست کے بعد سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔

یووراج سنگھ نے ایکس پر پاکستانی بیٹنگ لائن سے متعلق سوال کیا اور حیرانی کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے لکھا 'مجھے سمجھ نہیں آیا کہ جب امریکی ٹیم کی جانب سے بائیں ہاتھ کا بولر بولنگ کروارہا تھا تو فخر زمان نے اسٹرائیک کیوں نہیں لی، 'فخر  چونکہ بائیں ہاتھ کے بیٹر ہیں اس لیے ان کے لیے اس بولر کو ہٹ لگانا یا کھیلنا آسان ہوتا'۔

یووراج نے کہا 'بہر حال یو ایس اے کی ٹیم کو کریڈٹ دینا پڑے گا، وہ قابلِ تعریف ہیں جس طرح سے کپتان نے دباؤ والی صورتحال میں ہوشیار اور بہترین فیصلے کیے'۔

امریکا سے پاکستان کو شکست، یووراج سنگھ کی پاکستان کیلئے کی جانیوالی ٹوئٹ وائرل
فوٹو: اسکرین گریب/ایکس

انہوں نے مزید لکھا کہ 'اب پاکستان کو بھارت کے خلاف لازمی جیتنا ہوگا اور انہیں یقینی طور پر بیٹنگ اور فیلڈنگ میں اچھی کارکردگی دکھانی ہوگی، چونکہ بھارت کا ورلڈکپ ایونٹ میں مضبوط آغاز ہوا ہے لہٰذا ہمیں ہرانا مشکل ہوگا'۔

واضح رہے کہ 1999 میں 50 اوورز کے ورلڈکپ کے 29 ویں میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 62 رنز سے ہرایا تھا۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم صرف 13 رنز بناسکی۔

ڈیلس میں گروپ اے کے کھیلے گئے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے،کپتان بابر اعظم 44 اور شاداب 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

امریکا کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے، امریکی بیٹر نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مارا اور میچ برابر ہوگیا، بعدازاں امریکا نے سپر اوور میں میچ میں فتح حاصل کی۔ 

مزید خبریں :