07 جون ، 2024
بالی وڈ اداکارہ اور حال ہی میں لوک سبھا کا انتخابات جیتنے والی کنگنا رناوت نے ائیرپورٹ پر سکیورٹی اہلکار کے ہاتھوں تھپڑ کے واقعے کے بعد ویڈیو بیان جاری کردیا۔
گزشتہ روز نومنتخب رکن پارلیمنٹ اور اداکارہ کنگنا رناوت چندی گڑھ ائیرپورٹ پر نئی دہلی کے لیے فلائٹ میں سوار ہونے والی تھیں کہ اس دوران سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کی خاتون کانسٹیبل نے مبینہ طور پر کسانوں کی بے عزتی کرنے پر اداکارہ کو تھپڑ ماردیا ۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے ادارے نے کنگنا کو تھپڑ مارنے والی خاتون اہلکار کو معطل کردیا ہے۔
دوسری جانب اداکارہ نے واقعے کے بعد ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس واقعے کے بعد کئی کالز آئی ہیں اس لیے بتانا چاہتی ہوں کہ میں بالکل محفوظ ہوں، میں ائیرپورٹ پر سیکورٹی چیک کے بعد جیسے ہی باہر نکلی تو دوسرے کیبن میں موجود سکیورٹی اہلکار نے میرے کراس کرنے کا انتظار کیا اور آکر میرے منہ پر تھپڑ مارا اور مجھے گالیاں دینے لگی۔
اداکارہ کے مطابق جب میں نے اس سے پوچھا کہ اس نے ایسا کیوں کیا تو وہ کہنے لگی کہ وہ کسانوں کی تحریک کی حمایت کرتی ہے۔
کنگنا نے کہا کہ مجھے تشویش ہے کہ جو دہشت گردی اور انتہا پسندی پنجاب میں بڑھ رہی ہے اسے ہم کیسے روکیں گے۔