08 جون ، 2024
لاہور ہائیکورٹ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مارکیٹ کے اوقات کاربڑھانے کی ہدایت کردی۔
لاہورہائیکورٹ نے اسموگ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔
تحریری حکم نامے میں عیدالاضحیٰ کے باعث مارکیٹ کے اوقات کاربڑھانےکی ہدایت کی گئی ہے جس میں مارکیٹیں پیر تاجمعرات رات 12 اور جمعہ تا اتوار رات ایک بجے تک کھلی رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق عدالتی احکامات کے باعث پانی کی سطح میں دیر سے کمی ہو رہی ہے، اب لاہور میں ہر سال واٹر لیول 1.3میٹر جب کہ 2017 میں 6.5 میٹر نیچے جا رہا تھا۔
عدالتی حکم نامے میں مزید کہا گیا ہےکہ باغ جناح میں تجاوزات کے باعث نہری کی بجائے زمینی پانی استعمال ہو رہا ہے جس پر وکیل پنجاب حکومت کو انتظامیہ سے مل کر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق اسموگ کے تدارک کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔