09 جون ، 2024
ساہیوال ٹیچنگ اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آگ لگنے سے متاثر ہونے والے مزید دو بچے انتقال کر گئے جس کے بعد جاں بحق بچوں کی تعداد 4 ہوگئی۔
ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ اسپتال کا دعویٰ ہے کہ بچےجھلسنے سے نہیں بلکہ پری میچور ہونے کے باعث جاں بحق ہوئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق وارڈ میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، اسپتال عملے اور گارڈ نے بچوں کو محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ آگ سے وارڈ میں موجود سارا سامان جل گیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بچوں کی ہلاکت پر رپورٹ طلب کر لی، اس کے علاوہ انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے ساتھ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔