09 جون ، 2024
پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے سپارکو کے ترقیاتی بجٹ میں 850 فیصد سے زائد کا اضافہ تجویز کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال سپارکو کے لیے 65 ارب 61 کروڑ 70 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ رواں مالی سال سپارکو کا ترقیاتی بجٹ 6 ارب 90 کروڑ روپے مختص تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹیلائٹ سسٹم پاک سیٹ ون کے لیے 59 ارب 18 کروڑ 37 لاکھ روپے تجویز کیا گیا ہے، پاکستان اسپیس سینٹر کے قیام کے لیے چار ارب 17 کروڑ 53 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
پاکستان آپٹیکل ریموٹ سینسنگ سیٹیلائٹ کے لیے ایک ارب 35 کروڑ روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاک سیٹ 2 کی فیزیبلٹی اینڈ سسٹم ڈیفینیشن اسٹڈی کے لیے 24 کروڑ 80 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے جبکہ ڈیپ اسپیس اسٹرونومیکل آبزرویٹریز کے لیے 65 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
نئے بجٹ میں سپارکو کے لیے ایک نیا منصوبہ شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔