12 جون ، 2024
گوجرانوالہ: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا اور بھارت سےکرکٹ میچ ہارنے پر عدالت میں پٹیشن دائرکر دی گئی۔
رٹ پٹیشن ایک وکیل کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج گوجرانوالہ تمثال زیب نعیم کی عدالت میں دائر کی گئی ہے۔
درخواست کے مطابق کپتان بابر اعظم اور دیگر ٹیم اراکین کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔
اس کے علاوہ ٹیم مینیجر، کوچ اور چیف سلیکٹر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
عدالت نے اندراج مقدمہ کی درخواست پر پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ایس ایچ او تھانہ اروپ کو 21 جون تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ امریکا میں جاری ہے جس میں پاکستان کو امریکا اور بھارت نے شکست دی تھی۔
پاکستان کو امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں 5 رنز سے شکست ہوئی جب کہ بھارت پاکستان سے 6 رنز سے جیتا۔