Time 11 جون ، 2024
کھیل

بابر رو رہے، رضوان نےکھانا نہیں کھایا، ایسا کچھ نہیں ہوتا شاپنگ چل رہی ہوتی ہے: احمد شہزاد

پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے پاکستان کی موجودہ ٹیم کے نامور کھلاڑیوں سے متعلق نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف 120 رنز کا ہدف حاصل نہ کرنے پر پاکستانی کھلاڑی بالخصوص بلے باز شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کسی بڑی ٹیم سے مقابلہ ہو اور پریشر بڑھے تو بابر اعظم اور محمد رضوان اسی طرح آؤٹ ہو جاتے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی نئے آنے والے کھلاڑی کی تربیت نہیں کی، دنیا میں نئے آنے والوں کو تیار کیا جاتا ہے لیکن یہاں پر نئے آنے والوں کو ڈھال بنا کر استعمال کیا گیا، اعظم خان اور صائم ایوب کے خلاف مہم چلوائی گئی، اپنا سارا ملبہ ان پر ڈالا جس کے بعد عوام ان پر تنقید کرتی ہے۔

احمد شہزاد نے کہا کہ اس طرح کی خبریں یہ لوگ پھیلاتے ہیں کہ بابر اعظم رو رہے ہیں،  رضوان نے تین دن سے کھانا نہیں کھایا، شاداب کو چار دن سے نیند نہیں آرہی، ایسا کچھ نہیں ہوتا، شاپنگ چل رہی ہوتی ہے، ہم بھی اسی ٹیم سے منسلک رہ چکے ہیں، یہ سب چیزیں عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ہوتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر اپنے قد اوپر لے گئے اور لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی: احمد شہزاد

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے بابر اعظم اور محمد رضوان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ چار سے پانچ سالوں میں سوشل میڈیا پر پیسہ لگا کر اپنے قد اوپر کروا لیے اور لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی مرضی سے ان لوگوں نے پیسے بڑھوائے، پھر اپنی گیم اور اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنے کے بجائے ان لوگوں نے یہ پیسہ سوشل میڈیا پر لگا دیا۔

احمد شہزاد نے کہا اس قسم کی کارکردگی کے بعد آپ لوگ ایجنٹ سے کہہ کر سوشل میڈیا پر پوسٹ لگوا رہے ہوتے ہیں کہ رضوان سو نہیں سکے اور  بابر اعظم کھانا نہیں کھا رہے۔

مزید خبریں :