12 جون ، 2024
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ٹیم متحد ہے،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بھارت سے شکست کے بعد سرجری کی بات کا لڑکوں کو معلوم نہیں ہے۔
چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی نے پاک بھارت میچ کے بعد قومی ٹیم کی سرجری کرنے کی بات کی، تاہم لگتا ہے قومی ٹیم اس گفتگو اور بیان سے لاعلم ہے۔
نیویارک میں ٹیسٹ فاسٹ بولر حارث رؤف نے میڈیا زون میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں اچھی کرکٹ کھیلی، افسوس نتائج ہمارے حق میں نہیں رہے۔
حارث رؤف نے کہا کہ امریکا کی پچز ڈبل پیس ہیں، یہاں معاملات بلے بازوں کے لیے قدرے مشکل ہیں۔ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور مثبت کھیل پر توجہ مرکوز ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلوریڈا میں بارش سے متعلق بات کی جا رہی ہے، موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں میچ ہوا تو جیت کر آگے بڑھنا چاہیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کے خلاف بڑے میچ میں قومی ٹیم کی شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے میچ کے بعد صحافیوں سے اپنی گفتگو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ یہ شکست ہر لحاظ سے مایوس کن تھی، پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پر فارمنس پر ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو چھوٹی نہیں بلکہ بڑی سرجری کی ضرورت ہے، وقت آگیا ہے کہ باہر بیٹھے ٹیلنٹ کو موقع دیا جائے۔