Time 14 جون ، 2024
پاکستان

محمود خان کی قیادت میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے وفد کی بلاول بھٹو سے ملاقات

محمود خان کی قیادت میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے وفد کی بلاول بھٹو سے ملاقات
فوٹو: پی پی پی میڈیا سیل/ایکس

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز اور سابق وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں دونوں رہنماؤں کے درمیان اس اہم ملاقات میں سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے بلاول بھٹو زرداری سے تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے دہشتگردی، قدرتی آفات، غربت اور بے روزگاری سے متاثرہ صوبے کے اربوں روپے کے 91 ترقیاتی منصوبے پی ایس ڈی پی پروگرام سے نکال کر خیبر پختونخواہ کے عوام کو نظر انداز کر دیا ہے۔

محمود خان نے بلاول سے گزارش کہ وزیراعظم شہباز شریف سے بات کرکے اپنا کردار ادا کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعلی محمود خان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے عوام نے اس ملک کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان کی صوبے کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کی بحالی کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کوخراج تحسین پیش کیا۔

بلاول بھٹو نے صوبے کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھنے کیلئے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ساتھ صوبے میں اتحاد کی خواہش کا اظہار کیا۔

سابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی رابطے قائم رکھنے پر یقین رکھتے ہیں۔ پارٹی کی دیگر قیادت سے صلاح و مشورے کے بعد ہی اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

ملاقات میں گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر سمیت دیگر قیادت موجود تھی۔

تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کی جانب سے سیکرٹری جنرل حبیب نور سمیت تین ایم پی ایز اور دیگر قائدین ملاقات میں شریک ہوئے۔

مزید خبریں :