Time 14 جون ، 2024
انٹرٹینمنٹ

انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے سامنے ہمارے کھلاڑی اوقات دکھادیتے ہیں: احمد علی بٹ سیخ پا

انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے سامنے ہمارے کھلاڑی اوقات دکھادیتے ہیں: احمد علی بٹ سیخ پا
ہماری امیدیں یہ کھلاڑی ایسے تباہ کرچکے ہیں اب کرکٹ دیکھنے کا دل نہیں کرتا نہ ہی ان کو کھلاڑی ماننے کا دل کرتا ہے: پروگرام میں گفتگو

پاکستانی اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گرین شرٹس کی  ناقص کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی  ملک میں نخرے دکھاتے ہیں وہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے سامنے اپنی اوقات دکھا دیتے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی پر جہاں سینئرز کھلاڑی اور شائقین کرکٹ سیخ پا ہیں وہیں شوبز  شخصیات بھی برہمی کا اظہار کیے بغیر نہیں رہ پائی ہیں۔

نجی میڈیا شو میں گفتگو کے دوران میزبان  احمد علی بٹ نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم کھلاڑیوں سے کچھ امیدیں لگاتے ہیں لیکن ہوتا کچھ اور ہی ہے، کھلاڑی ہمیں اپنے ملک میں نخرے دکھاتے ہیں، kingship اور ego  دکھاتے ہیں، لیکن اصل گیم کے وقت جب  انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے مدمقابل کھیلنے کی باری آتی ہے تو یہ کھلاڑی  واقعی ہی اپنی اوقات دکھادیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری امیدیں یہ کھلاڑی ایسے تباہ کرچکے ہیں اب کرکٹ دیکھنے کا دل نہیں کرتا نہ ہی ان کو کھلاڑی ماننے کا دل کرتا ہے، ہماری کرکٹ میں ایک سے  بڑھ کر ایک سفارشی اور سیاست دان آگئے ہیں، اللہ کرے کہ کرکٹ میں وہ دن آئے جب سرجری سے کرکٹ میں سب کو نکال دیاجائے اور عوام کی توقعات کے مطابق ایک اسٹینڈرڈ ٹیم بنائی جائے جو انہی اسٹینڈرڈ کے ساتھ کھیلے جیسے ہمارے پہلے کرکٹرز کھیلاکرتے تھے۔

احمد علی بٹ نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ ہماری ٹیم میں ایک دو کھلاڑی قابل ہیں لیکن ایک دو کھلاڑیوں سے ٹیم نہیں بنتی۔

یاد رہے کہ  امریکا کا اہم میچ آج  آئرلینڈ سے فلوریڈ ا کے شہر لاوڈرہل میں  کھیلا جائے گا اس میچ میں آئرلینڈ کی کامیابی  پاکستان کی کامیابی ہو گی اور میچ نہیں ہوا تو امریکا سپر 8 مرحلے میں جائے گا اور پاکستان کا ایونٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔

مزید خبریں :