Geo News
Geo News

Time 15 جون ، 2024
پاکستان

طبی آلات پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز پر ڈاکٹروں کی تنظیم کا وزیراعظم کو خط

طبی آلات پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز پر ڈاکٹروں کی تنظیم کا وزیراعظم کو خط
فوٹو: فائل

طبی آلات کو حاصل ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز پر پاکستان سوسائٹی آف انٹروینشنل کارڈیولوجی (پی ایس آئی سی) نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔

خط کے متن کے مطابق اسٹنٹس سمیت دل کے امراض سے تحفظ کیلئے استعمال ہونے والے دیگر طبی آلات کو سیلز ایکٹ کے چھٹے شیڈول میں ٹیکس چھوٹ حاصل تھی، لیکن نئے فنانس ایکٹ میں ان تمام طبی آلات سے ٹیکس چھوٹ ختم کردی گئی ہے۔

خط میں لکھا گیا کہ یہ آلات انتہائی پیچیدہ ہوتے ہیں اور مقامی طور پر نہیں بنائے جاتے، جس کی وجہ سے انہیں درآمد کیا جاتا ہے۔

پی ایس آئی سی نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ ایسے طبی آلات کی 60 فیصد درآمد حکومتی ادارے کرتے ہیں، ان پر سیلز ٹیکس لگانے سے ان حکومتی اداروں کی درآمدی صلاحیت متاثر ہوگی، جس کے نتیجے میں طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اس بارے میں جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرز سوسائٹی کے سابق صدر ڈاکٹرندیم رضوی نے کہا کہ یہ ایک بے تکا فیصلہ ہے، حکومت اس طرح زندگیاں بچانے پر ٹیکس لگارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے ٹیکس لے کر وہی پیسے صحت کے بجٹ میں واپس کرنا ایک غیر معقول فیصلہ لگ رہا ہے۔