16 جون ، 2024
فلوریڈا میں میچ سے ایک رات قبل بابر اعظم کی میامی میں موجودگی پر ٹیم منیجمنٹ نے وضاحت جاری کردی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف میچ سے ایک رات قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ ایک پرستار نے تصویر بنائی اور اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ صبح میچ ہے اور کپتان رات 11 بجے میامی میں ہیں۔
اس بارے میں ٹیم کے میڈیا منیجر رضا راشد کہتے ہیں کہ وہ رات 8 بجے سے 10 بجے تک کپتان کے ساتھ تھے جبکہ ٹیم کے سینیئر منیجر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہوٹل میں بابر اعظم کے ساتھ کھانا کھایا۔
البتہ بابر اعظم کے ساتھ جس لڑکے نے میچ سے قبل میامی میں رات گئے تصویر بنوائی اس کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے نے 15 جون کی رات میامی میں بابر اعظم کے ساتھ یہ تصویر بنوائی ہے اور یہ کہ انہیں جھوٹ بولنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب ٹیم کے سینیئر منیجر وہاب ریاض نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ہمارے کھلاڑی رات کھانا کھانے ہوٹل سے باہر جاتے ہیں، لیکن میچ سے ایک رات پہلے کھلاڑی عموماً ہوٹل میں کھانا کھاتے ہیں۔
جب وہاب ریاض سے یہ سوال کیا گیا کہ نیویارک میں رات 12 بجے تک کھلاڑی ہوٹل سے باہر نظر آئے تو انہوں نے کہا کہ ایسا ہو سکتا ہے لیکن میچ سے ایک رات پہلے کرفیو ٹائم پر سب نے عملدرآمد کیا ہے۔