Time 18 جون ، 2024
پاکستان

پختونخوا کے عوام سے انتقام لیا جا رہا، لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کا قربانی کا گوشت خراب ہو رہا: اسد قیصر

پختونخوا کے عوام سے انتقام لیا جا رہا، لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کا قربانی کا گوشت خراب ہو رہا: اسد قیصر
ہماری زمینوں پر تربیلا ڈیم بنا ہے مگر اس کے باوجود لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، اسمبلی کے فورم پر اس مسئلے کو اٹھائیں گے: رہنما پی ٹی آئی۔ فوٹو فائل

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا انتقام لیا جا رہا ہے۔

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف بیان دیتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا گزشتہ تین روز سے خیبرپختونخوا میں بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، لوڈشیڈنگ سے لوگوں کا قربانی کا گوشت خراب ہو رہا ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا انتقام لیا جا رہا ہے، ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کا احترام کیا مگر انہوں نے حدیں پار کر دیں، ہماری زمینوں پر تربیلا ڈیم بنا ہے مگر اس کے باوجود لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر بھی احتجاج کریں گے اور بجٹ تقریر میں بھی اس ایشو کو اجاگر کریں گے، ہمیں لوڈ شیڈنگ اور مہنگی بجلی منظور نہیں، یہ ظلم بند کیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے عید کے فوری بعد فیصلہ کن معرکہ شروع کیا جائے گا: بیرسٹر سیف 

دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ عید پر بانی پی ٹی آئی اور کارکنان کی رہائی کیلئے قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے، حجاج کرام سے جعلی فارم 47 حکومت کے خاتمے اور بانی پی ٹی آئی کے وژن کی تکمیل کیلئے بھی دعا کی اپیل ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا راج کماری مریم نواز کے احکامات پر بانی پی ٹی آئی اور خواتین ورکرز کو اذیتیں دی جارہی ہیں، سازشی ٹولے نے بانی پی ٹی آئی اور کارکنان پر جعلی مقدمات بنائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے عید کے فوری بعد فیصلہ کن معرکہ شروع کیا جائے گا، جعلی سلطنت کو زمین بوس کرکے بانی پی ٹی آئی کی رہائی یقینی بنائی جائے گی۔