Time 18 جون ، 2024
دنیا

ہانگ کانگ اور سنگاپور تارکین وطن کے لیے دنیا کے مہنگے ترین شہر قرار

ہانگ کانگ اور سنگاپور تارکین وطن کے لیے دنیا کے مہنگے ترین شہر قرار
ہانگ کانگ مسلسل 5 ویں سال مہنگا ترین شہر قرار پایا / رائٹرز فوٹو

اگر آپ بیرون ملک ملازمت کرنا چاہتے ہیں تو ہانگ کانگ جانے سے گریز کریں کیونکہ وہ تارکین وطن کے لیے مسلسل 5 ویں سال مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

Mercer نامی ادارے کے سالانہ سروے میں ہانگ کانگ کو تارکین وطن کے لیے دنیا میں مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا۔

ہانگ کانگ کے بعد سنگاپور دوسرا مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا جبکہ سوئس شہر زیورخ تیسرے نمبر پر رہا۔

چوتھے، 5 ویں اور چھٹے نمبر پر بھی سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا، باسل اور برن رہے جبکہ نیویارک 7 واں مہنگا ترین شہر قرار پایا۔

لندن، Nassau اور لاس اینجلس بالترتیب 8 ویں، 9 ویں اور 10 ویں نمبر پر رہے۔

اس سروے میں دنیا بھر کے 226 شہروں میں 200 سے زائد اشیا کی قیمتوں کا موازنہ کیا گیا تھا۔

نائیجریا کے شہر ابوجا اور لاگوس تارکین وطن کے لیے سب سے سستے شہر قرار پائے جو اس فہرست میں بالترتیب 226 ویں اور 225 ویں نمبر پر رہے۔

تارکین وطن کے لیے دنیا کا تیسرا سستا ترین شہر پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد رہا جس کے حصے میں 224 واں نمبر آیا جبکہ کرغزستان کا شہر Bishkek چوتھا سستا ترین شہر قرار دیا گیا۔

کراچی گزشتہ سال تارکین وطن کے لیے دنیا کا سستا ترین شہر رہا تھا مگر اس بار وہ 5 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ مہنگائی، اقتصادی اور جغرافیاتی تناؤ بڑھنے سے دنیا بھر میں مکانات، یوٹیلیٹی سروسز اور تعلیمی سہولیات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹیکسوں کی شرح بھی بڑھی ہے۔

مزید خبریں :