Time 19 جون ، 2024
پاکستان

کراچی میں جولائی کے آغاز سے مون سون بارشوں کے شروع ہونے کا امکان

کراچی میں جولائی کے آغاز سے مون سون بارشوں کے شروع ہونے کا امکان
شمالی بحیرہ عرب پر درمیانی شدت کا کم دباؤ بننے کا امکان ہے اگر یہ سسٹم بنا تو جولائی کے ابتدائی دنوں میں کراچی میں مون سون کی پہلی بارش ہوسکتی ہے: موسمیاتی تجزیہ کار— فوٹو: فائل

موسمیاتی ماہرین نے کراچی میں جولائی کے اوائل سے ہی مون سون بارشوں کے شروع ہونے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق 30 جون کوشمالی بحیرہ عرب پر درمیانی شدت کا کم دباؤ بننے کا امکان ہے، اگر یہ سسٹم بنا تو جولائی کے ابتدائی دنوں میں کراچی میں مون سون کی پہلی بارش ہوسکتی ہے۔

تجزیہ کار کے مطابق پاکستان میں مون سون کا آغاز 27 جون سے 4 جولائی کے درمیان ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق رواں سال کراچی سمیت جنوبی سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے تاہم یہ طویل دورانیے کی پیشگوئی ہے جس میں تبدیلی ممکن ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر سندھ کے کچھ علاقوں میں 21 جون کو بادل بن سکتے ہیں جبکہ 23 جون سے زیریں سندھ میں پری مون سون سرگرمیوں کا آغاز ہو سکتا ہے۔

ماہرین نے 22 اور 23 جون کو کراچی کے چند مقامات پر آندھی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔

مزید خبریں :