19 جون ، 2024
کراچی میں پولیس نے خود کو حکومتی مشیر ظاہر کرکے جعلسازی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہربلاک نمبر ایک میں کارروائی کی گئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایاکہ ملزم جعلی نمبرپلیٹوں والی گاڑیوں کے ساتھ ویڈیوبناکرسوشل میڈیا پر پوسٹ کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے 2 گاڑیاں برآمد کرلی گئیں اور دونوں کے انجن اور چیچز نمبر ٹیمپرڈ ہیں جبکہ کارروائی کے دوران ملزم کے ساتھ موجود 5 افراد پولیس کو دیکھ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔