Time 20 جون ، 2024
پاکستان

عید پر 1 لاکھ44 ہزار ٹن کچرا اٹھایا، جتنا لاہور ہے اتنا بڑا تو گلستان جوہر ہے: میئر کراچی

عید پر 1 لاکھ44 ہزار ٹن کچرا اٹھایا، جتنا لاہور ہے اتنا بڑا تو گلستان جوہر ہے: میئر کراچی
یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی فنڈز کی رقم 5 سےبڑھا کر 12 لاکھ کردی ہے، مرتضیٰ وہاب/ فوٹو: اسکرین گریب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر شہر قائد میں ایک لاکھ 44 ہزار ٹن جبکہ لاہور  میں صرف 46 ہزار ٹن کچرا اور آلائشیں اٹھائی گئیں،  جتنا بڑا لاہور ہے اتنا تو ہمارا گلستان جوہر ہے۔ 

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا شہر کے 7 اضلاع میں 99 کلیکشن پوائنٹس اور 3 لینڈ فل سائٹس تھیں جنہیں یومیہ بنیادوں پر کلیئر کیا گیا اور  آج ایک لاکھ44ہزار ٹن سے زائد ویسٹ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ تمام کلیکشن پوائنٹس کو کلورین سے صاف بھی کیا گیا، بلدیاتی عملے نے گرمی کے باوجود بطور ہیرو کام کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مسائل پر قابو پانا شروع کر دیا ہے مگر ماضی کے 45 سال کا بگاڑ میں فورا ختم نہیں کر سکتا، یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی فنڈز کی رقم 5 لاکھ روپے سےبڑھا کر 12 لاکھ کر دی ہے، کےفورکے لیے وفاق سے گزارش کروں گا کہ جلدی مسئلے کو حل کریں۔

انکا مزید کہنا تھا ضلع وسطی میں عید کے دنوں میں یونیوسٹی ریزرویئر میں بڑی لیکیج کے باعث پانی کی کمی کا سامنا رہا،  36 گھنٹوں میں لائن کی مرمت کر دیں گے، اگر عید کے دنوں میں لائن بند کرتے تو زیادہ مسئلہ ہوتا۔ 

میئر  کراچی نے کہا کہ 3 دنوں سے وزیر اعلیٰ صاحبہ اور ان کی وزیر اطلاعات پریس کانفرنس کر  رہی ہیں، ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہم لوگ ناکام ہیں اور ہم بلدیاتی محکموں کے حق میں نہیں ہیں مگر  ہمارے ہاں وزیر اعلیٰ نہیں بلدیاتی نمائندے کام کر رہے تھے، ہمارے ناقدین نے بھی ہماری تعریف کی، جتنا بڑا لاہور شہر ہے اس سے بڑا تو ہمارا گلستان جوہر ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سندھ بھر میں پرانی اسکیموں کو مکمل کرنے کے لیے رقم فراہم کی ہے، ہمیں مسائل کا سامنا ہوتا ہے لیکن انہیں حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ 

مزید خبریں :