20 جون ، 2024
اسلام آباد: چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم سے ملاقات میں بجٹ کی منظوری میں تعاون کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے شکوہ کیا کہ حکومت کسی فیصلہ سازی میں ہمیں اعتماد میں نہیں لےرہی اور سندھ کےمختلف منصوبوں میں وفاقی حکومت سنجیدگی کامظاہرہ نہیں کررہی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تھے، ان کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان اور خورشید شاہ بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچے تھے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمداورنگزیب، وزیر اطلاعات عطاتارڑ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچے تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اوربلاول بھٹو کے درمیان ملاقات 4 بجے متوقع تھی جو تاخیر کا شکار ہوئی۔