Time 20 جون ، 2024
پاکستان

پشاور ہائی کورٹ: ملک میں ٹک ٹاک پر پابندی کیلئے درخواست کی سماعت

پشاور ہائی کورٹ: ملک میں ٹک ٹاک پر پابندی کیلئے درخواست کی سماعت
فوٹو: فائل

پشاور ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پیلٹ فارم ٹک ٹاک پر بندش کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ 

سماعت پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کی۔ 

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹک ٹاک کو بند کیا جائے۔ 

چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے استفسار کیا کہ اس میں ہم نے پی ٹی اے کو نوٹس کیا تھا، وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ پی ٹی اے کو نوٹس نہیں کیا گیا تھا۔ 

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے استفسار کیا کہ کیا آپ تمام ٹک ٹاک میٹریل سے ناراض ہیں جس پر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جو توہین آمیز مواد ہے اس پر پابندی لگائی جائے۔ 

وکیل نے کہا کہ  پاکستان دنیا میں زیادہ ٹک ٹاک استعمال کرنے والے ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔ 

 چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگوں کا اور کوئی کام نہیں ہے، فارغ بیٹھے ہوتے ہیں۔ 

پشاور ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 جون تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :