Time 21 جون ، 2024
دلچسپ و عجیب

ائیرپورٹ لے جانے کا وعدہ پورا نہ کرنے پر خاتون نے بوائے فرینڈ کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

ائیرپورٹ لے جانے کا وعدہ پورا نہ کرنے پر خاتون نے بوائے فرینڈ کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا
یہ واقعہ نیوزی لینڈ میں سامنے آیا / فوٹو بشکریہ The Guardian

نیوزی لینڈ میں ایک خاتون نے 'زبانی معاہدے' کی خلاف ورزی پر اپنے بوائے فرینڈ کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔

اس خاتون کے مطابق اس کے بوائے فرینڈ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اسے ائیرپورٹ لے جائے گا مگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہا جس کے باعث وہ پرواز پر سوار نہیں ہوسکی۔

اس خاتون کی جانب سے نیوزی لینڈ کے مصالحتی ٹربیونل سے رجوع کیا گیا تھا۔

خاتون کے مطابق دونوں کا تعلق ساڑھے 6 سال پرانا تھا مگر پھر حالات بگڑنے لگے۔

ٹربیونل کی جانب سے جاری حکم نامے میں خاتون اور بوائے فرینڈ دونوں کا نام نہیں بتایا گیا۔

حکم نامے کے مطابق خاتون نے کچھ دوستوں کے ساتھ کسی میوزک پروگرام میں شرکت کرنا تھی اور بوائے فرینڈ نے ائیرپورٹ پہنچانے اور خاتون کے گھر میں رہنے کا وعدہ کیا تھا۔

مگر پھر وہ شخص وہاں نہیں پہنچا جس کے باعث خاتون پرواز پر سوار نہیں ہوسکی۔

خاتون کے مطابق بوائے فرینڈ کی جانب سے وعدہ پورا نہ کرنے پر اسے کافی مالی نقصان ہوا، جیسے اگلے دن پھر سفر کا خرچہ کرنا پڑا اور ائیر پورٹ جانے کے لیے شٹل کا کرایہ دینا پڑا۔

خاتون نے ٹربیونل سے رجوع کرتے ہوئے ٹکٹوں کے اخراجات دلانے کی درخواست کی تھی۔

مگر ٹربیونل کی جانب سے حکم نامے میں کہا گیا کہ اس طرح کے زبانی معاہدوں پر عملدرآمد ضروری نہیں بلکہ انہیں قانونی بنانے کے لیے دیگر اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ یہ ثابت ہوسکے کہ وہ اپنے وعدوں کے پابند ہیں۔

حکم نامے کے مطابق جب دوست وعدے پورے نہیں کرپاتے تو دیگر افراد کو مالی نقصانات کا سامنا ہو سکتا ہے مگر اس نقصان کے لیے انہیں جرمانے کی سزا نہیں سنائی جاسکتی۔

ٹربیونل نے کہا کہ اگرچہ اس شخص نے وعدہ کیا اور پورا نہیں کرسکا، مگر ایسا تو ہر خاندان میں ہوتا رہتا ہے اور اس طرح کے معاملات پر مصالحتی ٹربیونل کے فیصلوں کا نفاذ نہیں سکتا۔

اس حکم نامے کے ساتھ خاتون کی درخواست کو ٹربیونل نے خارج کردیا۔

مزید خبریں :