Time 23 جون ، 2024
جرائم

تربت: مسلح افراد کالیویز تھانے پر حملہ، اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے

تربت:  مسلح افراد کالیویز تھانے پر حملہ، اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے
فوٹو: فائل

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں مسلح افراد لیویز تھانہ ہوشاپ پر حملہ کرکے اہلکاروں کو یرغمال بنا کر سرکاری اسلحہ لوٹ کر لے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح دو درجن سے زائد افراد نے لیویز تھانہ ہوشاپ پر حملہ کرکے وہاں تعینات اہلکاروں کو یرغمال بنا کر سرکاری اسلحہ، اہلکاروں کی دو موٹرسائیکلیں اور گاڑی لیکر فرار ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم نے غفلت برتنے پر نائب رسالدار سمیت 10 لیویز اہلکاروں کو برطرف کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی تھی۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مسلح افراد کے لیویز تھانہ ہوشاپ پر حملے کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے تربت میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ 

صوبائی وزیر داخلہ نے فرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر کیچ اور اسسٹنٹ کمشنر تربت کے خلاف تادیبی کارروائی کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا۔

مزید خبریں :