Time 23 جون ، 2024
پاکستان

کسی آپریشن کی حمایت نہیں کرتے،کوئی ایپکس کمیٹی پارلیمان سے بالا نہیں: پی ٹی آئی

کسی آپریشن کی حمایت نہیں کرتے،کوئی ایپکس کمیٹی پارلیمان سے بالا نہیں: پی ٹی آئی
 کوئی بھی آپریشن ہو اس کیلئے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، کوئی بھی کمیٹی کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو آئین کے مطابق پارلیمان سپریم ہے: بیرسٹر گوہر۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک میں کسی بھی قسم کے آپریشن کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کوئی ایپکس کمیٹی پارلیمان سے بالا تر نہیں ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا آج ہم نے بات کرنے کی کوشش کی تو ہمارے مائیک بند کر دیئے گئے جس پر ہم نے احتجاجی طور  پر پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا۔

بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کوئی بھی آپریشن ہو اس کیلئے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، کوئی بھی کمیٹی کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو  آئین کے مطابق پارلیمان سپریم ہے، کوئی بھی آپریشن ہو، اس کے لیے پارلیمان کو اعتماد میں لیا جائے،کوئی بھی اپیکس کمیٹی پارلیمان سے بالا نہیں ہو سکتی۔

رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا ہم کسی آپریشن کی حمایت نہیں کرتے، کوئی فیصلہ یا معاہدہ ہوا ہے تو اسے پارلیمینٹ میں لایا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انسداد دہشتگردی کے لیے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی گئی تھی۔

نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزراء اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک تھے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا تھا اسپیکر قومی اسمبلی کا رویہ اپوزیشن کے ساتھ ٹھیک نہیں ہے، درحقیقت فارم 45 کے تحت 180 سیٹیں تحریک انصاف کی ہیں۔

مزید خبریں :