25 جون ، 2024
کراچی سول اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شدید گرمی سے آج سول اسپتال میں 8 مریض انتقال کر گئے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق آج گرمی سے متاثرہ 40 سے 45 مریض ایمرجنسی میں لائے گئے، انتقال کرنے والے مریضوں میں پانی کی شدید کمی ہوگئی تھی۔
سول اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انتقال کرنے والے مریض مرگی، شوگر، بلند فشارخون اور دیگر امراض میں مبتلا تھے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے بھی کراچی میں مزید دو روز تک شدید گرمی کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔
شدید گرمی کے پیش نظر ماہرین صحت نے شہریوں کو دھوپ میں باہر نہ نکلنے، پانی کے زیادہ استعمال اور ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں مسلسل دوسرے روز بھی چلچلاتی دھوپ اور دن میں سمندری ہوائیں بند رہنے کے باعث شہری شدید گرمی سے بے حال ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے آج نشے کے عادی مزید 7 افراد کی لاشیں ملیں، گزشتہ 2 دن میں کراچی میں نشے کے عادی 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کراچی میں آج 42 ڈگری کی گرمی پچاس ڈگری سے زائد محسوس کی گئی، فلیٹوں کے جنگل گلستان جوہر میں ریگستان جیسی گرمی محسوس کی گئی اور درجہ حرارت 43.7 ریکارڈ کیا گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے دوران پانی کی سپلائی بھی معطل رہی، فیڈرل بی ایریا بلاک 19، 20 اور کھارادر میں پانی غائب رہا جبکہ بلدیہ نیول کالونی اور موسی کالونی میں پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔