25 جون ، 2024
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں افغانستان کرکٹ ٹیم نے بنگلادیش کو شکست دیکر پہلی بار سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا لیکن ساتھ ہی اس میچ میں پیش آئے ایک واقعے نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے آخری میچ میں افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بنگلا دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی۔
سوشل میڈیا پر جہاں افغان ٹیم کو سراہا جارہا ہے وہیں میچ کے دوران پیش آئے ایک واقعہ نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے اور اس پر کافی بات بھی کی جارہی ہے۔
بنگلادیش کے خلاف میچ کے دوران افغان کرکٹر گلبدین نائب پر میچ میں تاخیرکیلئے'فیک انجری' کا الزام لگایا جارہا ہے۔
معاملہ کیا؟
افغانستان کے 116 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی اننگز کے دوران افغان ٹیم نے 11 ویں اوور میں بنگال ٹیم کی 80 کے اسکور پر چھٹی اور ساتویں وکٹ حاصل کی۔
اگلے اوور میں جب بنگلا دیش کی ٹیم ڈی ایل ایس میتھڈ کے اسکور سے صرف 2 رنز پیچھے تھی تو ایسا دیکھا گیا کہ افغانستان کے کوچ جوناتھن ٹروٹ اپنے کھلاڑیوں کو میچ کو سلو ڈاؤن یعنی تاخیر کرنے کی کوشش کا اشارہ دے رہے ہیں تاکہ بارش کی صورت میں بنگال ٹیم ڈی ایل ایس میتھڈ کے پار اسکور سے پیچھے رہے۔
جوناتھن ٹروٹ کے اشارے کے بعد 12 ویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند کے دوران سلپ میں کھڑے افغان فیلڈر گلبدین نائب ٹانگ میں شدید تکلیف کا اشارہ کرتے ہوئے زمین پر لیٹ گئے۔ اس دوران ٹیم ممبرز کی جانب سے سپورٹنگ اسٹاف سے مدد طلب کی گئی اور انہیں میدان سے باہر لے جایا گیا۔
یاد رہے کہ اس سب کے دوران میچ کو روک دیا گیا تھا۔
جیسے ہی گلبدین کو میدان سے باہر لے جایا گیا تو بارش شروع ہوگئی اور پچ کو ڈھانپ دیا گیا۔
تاہم بارش زیادہ دیر نہیں ہوئی اور میچ کو دوبارہ شروع کردیا گیا تو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ایک اوور کم کردیا گیا اور بنگلادیش ٹیم کو 114 رنز کا ہدف ملا۔
میچ جیسے ہی شروع ہوا تو کچھ لمحے کے بعد حیران کن طور پر گلبدین جن سے کچھ وقت پہلے چلا تک نہیں جارہا تھا وہ بھی فیلڈ پر واپس آگئے اور میچ کا 15 واں اوور بھی کروایا اور وکٹ بھی لی۔
تاہم پھر افغانستان نے بنگلا دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
واضح رہے کہ میچ کے دوران بیٹنگ یا بولنگ ٹیم کی جانب سے جان بوجھ کر وقت ضائع کرنا جرم ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین اور سابق کرکٹرز نے اس واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور کچھ نے اسے فیک انجری اور اداکاری قرار دیا۔
انگلینڈ کے سابق کرکٹر مائیکل وان نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ گلبدین کرکٹ کی تاریخی کے پہلے کرکٹر ہیں جنہوں نے ٹانگ میں گولی لگنے کے 25 منٹ بعد میچ میں واپس آکر وکٹ لی۔
کچھ صارف نے گلبدین کو شاندار اداکاری کرنے پر آسکر ایوارڈ دینے کا مشورہ دیا۔
واضح رہے افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔
گروپ 1 سے بھارت اور افغانستان جبکہ گروپ 2 سے انگلینڈ اور جنوبی افریقا نے کوالیفائی کیا ہے۔