Time 25 جون ، 2024
دنیا

غزہ: اسرائیلی حملے میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی بہن اور دیگر رشتے دار شہید

غزہ: اسرائیلی حملے میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی بہن اور دیگر رشتے دار شہید
ایک شہری اسرائیلی حملے میں تباہ ہونے والے مکان کا معائنہ کرتے ہوئے— فوٹو: رائٹرز

غزہ: اسرائیلی فضائی حملے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بہن اور دیگر رشتے دار شہید ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق منگل کے روز  غزہ میں ہونے والے تین اسرائیلی فضائی حملوں میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بہن سمیت 24 افراد شہید ہوگئے۔ 

رہائشیوں کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے گزشتہ رات رفح کے اندرونی علاقوں میں مزید پیش قدمی کی اور کئی مکانات کو تباہ کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق منگل کے روز ہونے والے فضائی حملوں میں سے دو حملے غزہ شہر کے دو اسکولوں پر ہوئے جن میں 14 افراد شہید ہوئے جبکہ تیسرا حملہ الشاطی کیمپ میں ایک گھر پر کیا گیا جس میں 10 افراد شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے الشاطی کیمپ میں جس مکان کو نشانہ بنایا اس میں حماس سربراہ کی بہن اور دیگر  رشتے دار مقیم تھے۔ 

خیال رہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں حماس سربراہ کے 3 بیٹوں اور پوتے پوتیوں سمیت کئی رشتہ دار  شہید ہوچکے ہیں۔


مزید خبریں :