26 جون ، 2024
پشاور میں چند گھنٹوں کے دوران 6 مختلف واقعات میں 8 بچوں اور 4 خواتین سمیت 16 افراد جاں بحق 7جبکہ افراد زخمی ہوگئے۔
پشاور پولیس کے مطابق مضافاتی علاقہ بڈھ بیر میں چچا زاد بھائیوں نے پیسوں کے لین دین اور جائیداد کے تنازعے پر گھر میں گھس کر 5 بچوں اور 4 خواتین کو قتل کردیا۔
گورنر اور وزیر اعلیٰ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے۔
پولیس کے مطابق بڈھ بیر ہی کے علاقے میں زمینی تنازعے پر فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
پشاور پولیس کے مطابق علاقہ پشتخرہ میں مبینہ سابقہ دشمنی پر ایک فریق نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
نواحی علاقہ شیخ محمدی میں بھی فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، کھیتوں کو پانی دینے کے تنازعے پر فائرنگ سے ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پشاور ہی کے علاقے سفید ڈھیری میں فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ ریگی للمہ کے علاقے میں برساتی نالے کے جوہڑ سے 3 گمشدہ بچوں کی نعشیں برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا نے تینوں بچوں کی گمشدگی رپورٹ تھانا ناصرباغ میں درج کروائی تھی۔
لواحقین کے مطابق بچے کھیل کھود کیلئے گھر سے نکلے تھے اگلی صبح 8 سے 12 سالہ بچوں کی لاشیں انہیں نہر سے ملی۔
پولیس کے مطابق تمام واقعات کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش کا عمل شروع کیا گیاہے۔