26 جون ، 2024
پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے کیس میں فریق بننے کی درخواست دائر کر دی۔
فل کورٹ میں پارٹی بننے کی درخواست پی ٹی آئی اور بیرسٹر گوہر کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سنی اتحاد کیس میں تحریک انصاف کو فریق بنایا جائے، سنی اتحاد کونسل کی اپیلوں کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پر الزامات لگائے، الیکشن کمیشن کے تحریک انصاف کے حوالے سے الزامات حقائق کے برعکس ہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف، سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں سے محروم رکھا گیاجبکہ الیکشن کمیشن نے دیگر سیاسی جماعتوں میں مخصوص نشستیں تقسیم کر دیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں کیلئے سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف اہل ہیں، مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو دینا غیر آئینی ہے۔
درخواست کے مطابق مخصوص نشستوں کیلئے سنی اتحاد کونسل فہرست دینے کیلئے تیار ہے جبکہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کی فہرست دینے کی اجازت نہیں دی گئی، سنی اتحاد، تحریک انصاف کی سیٹیں دیگر سیاسی جماعتوں میں بانٹنا عوام کی منشا کے خلاف ہوگا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف کے درمیان اتحاد ہے، چیئرمین سنی اتحاد نے تحریک انصاف کے نشان پر انتحاب لڑا اور حامد رضا حلقہ 104 سے کامیاب ہوئے، آرٹیکل 51 واضح نہیں کرتا کہ آزادامیدواروں کوایک سے زائد سیٹیں جیتنے والی سیاسی جماعتوں میں ہی ضم ہونا چاہیے۔