01 جولائی ، 2024
بلوچستان کے ضلع دکی کی سب جیل سے تین قیدی روشندان توڑ کر فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او دکی تھانا جلیل احمد مری کے مطابق پولیس تھانہ دکی میں قائم سب جیل میں قتل اور ڈکیتوں میں ملوث 13 قیدی قید تھے، ان قیدیوں کو صبح واش روم کے جانے کیلئے حوالات سے باہر نکالا گیا تھا۔
اس دوران تین قیدی عصمت اللہ ،کبیر اور صدیق لاک اپ کا روشندان توڑ کرفرار ہوگئے۔
فرار ہونے والے تینوں قیدی ڈکیتی کے دو مختلف واقعات میں قید تھے، دوقیدیوں کا تعلق پشین جبکہ ایک کا تعلق سنجاوی سے ہے۔
پولیس نے فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش شروع کردی تاہم اب تک کوئی قیدی گرفتار نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان نے قیدیوں کے فرار کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔