Time 02 جولائی ، 2024
پاکستان

عدت کیس کو ہر صورت 8 جولائی تک ختم کرنا ہے: سیشن جج افضل مجوکہ

عدت کیس کو ہر صورت 8 جولائی تک ختم کرنا ہے: سیشن جج افضل مجوکہ
خاور مانیکا کو دوسرے روز نکاح کا پتا چلا لیکن وہ خاموش رہے، عمران خان کے وکیل سلمان اکرم کے دلائل/ فائل فوٹو

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے کہا ہےکہ انہیں ہر صورت 8 جولائی تک عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کا کیس ختم کرنا ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت کی جس میں عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیے۔

سلمان اکرم راجہ نےکہا کہ سزا معطلی کی درخواست پرآرڈر دیکھا، میرےکچھ پوائنٹ فیصلے میں تحریر نہیں، اس پر جج نے کہا کہ آپ کے پاس آج اور کل پورا ٹائم ہے۔ 

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بدنیتی اور فراڈ میں جو چیز مشترکہ ہے وہ ارادہ ہوتا ہے،  اگر فراڈ ہوا تھا تو اسی وقت عدالت جاتے، کہتے میں نے رجوع کرنا تھا، ایک دن نکاح ہوا دوسرے دن خاورمانیکا کو پتا چل گیا لیکن وہ خاموش رہے۔

جج افضل مجوکہ نے سوال کیا  اگر رجوع کا حق تھا تو وہ ایک سول معاملہ ہے اس کا کرمنل سے کیا  تعلق؟

سلمان اکرم نے سپریم کورٹ کے متعد فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ یہ نہیں کہہ سکتے 1992 اور 1994 کی سپریم کورٹ کی ججمنٹ غیر مؤثر ہے اور میں نے یہ نہیں کہا کہ عدت کا دورانیہ 90 دن ہے، سپریم کورٹ نے 39 دن کے بعد اپنے فیصلے سے عورت کو تحفظ فراہم کیا اور مفتی سعید نے  بھی کہا عدت پرعورت کی بات حتمی ہے لیکن عدالت میں غلط بیانی کی۔ 

سلمان اکرم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 90 دن عدت کا نہیں رجوع کا وقت ہے،اسے عورت کےلیے تلوار نہیں بنایا جاسکتا، خاور مانیکا نے عدالت کے سامنے غلط بیانی کی، خاور مانیکا نے اپنے ویڈیو بیان میں بشریٰ بی بی کے لیےسابقہ اہلیہ کالفظ استعمال کیا ہے۔

عمران خان کے وکیل نے مزید کہا کہ  مفتی سعید  بھی اپنے ویڈیو بیان سے مکر گئے، مفتی سعید نےٹرائل کورٹ میں گواہان کا بتایاکہ وہ ان کو نہیں جانتے حالانکہ عون چوہدری ان کے ساتھ کھڑے تھے، ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہےکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی پر سیاسی مقدمات بنائے گئے، جج شاہ رخ ارجمند نے فیصلے والے دن کیس سے الگ ہونے کا کہہ دیا، یقیناًجج پرکوئی پریشر تھا کہ فیصلےکے دن ہائیکورٹ کو لکھ دیا فیصلہ نہیں سنا سکتا۔

سلمان اکرم کہا کہ چار گواہ ہیں، ملازم لطیف کے  بیان کو ٹرائل کورٹ نے اہمیت دی، مفتی سعید کی گواہی بھی جھوٹی ثابت ہوئی، خاور مانیکا نے لطیف کے بیان پر انحصار کیا اورخود بھی ویڈیو بیان میں غلط بیانی کی،  دوسرے نکاح کی بات سے بھی  یہ ثابت نہیں ہوتا کہ عدت پوری تھی یا نہیں، یہ ایک گھڑی گئی کہانی تھی جس سے بانی پی ٹی آئی کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ 

سماعت کے آخر میں جج افضل مجوکا نےکہا کہ عدالت نے ہر صورت 8 جولائی تک یہ کیس کو ختم کرنا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل 11 بجے تک ملتوی کردی۔ 

مزید خبریں :