02 جولائی ، 2024
مون سون کا سیزن دنیا کے مختلف ممالک میں شروع ہوگیا ہے اور ایسے میں جِلدی مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔
بارشوں کے دوران حساس جلد کے افراد کو روکھی اور بے رونق جِلد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے وہ پریشانی کا شکار ہوجاتے ہیں۔
آج ہم آپ کو چند ایسے ٹوٹکے بتاتے ہیں جن کے استعمال سے آپ اپنی جِلد کی حفاظت کرسکتے ہیں۔
کلینزنگ (Cleansing)
بارشوں کے موسم میں ہوا میں نمی ہونے کے باعث جِلد پر چپ چپاہٹ محسوس ہوتی ہے اور آلودگی کی وجہ سے چہرا بھی مرجھایا ہوا لگتا ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ باقاعدگی سے جلد کی کلینزنگ کریں۔
اگر کلینزنگ قدرتی چیزوں مثلاً دہی یا دودھ کی بالائی سے کی جائے تو آپ زیادہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔
ایکسفولی ایٹ (Exfoliate)
ہماری جلد پر مردہ خلیے جمع ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے بھی جلد بےرونق لگتی ہے، جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ کسی اچھے اسکرب کا استعمال کریں۔
آپ مہنگے پراڈکٹس پر پیسے خرچ کرنے کے بجائے گھر میں موجود دہی اور بیسن سے بھی اسکرب کرکے اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔
فیس ماسک کا استعمال
نمی کے موسم میں چکنی جلد والے لوگوں کو زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ایسے لوگوں کے چہروں پر دانیں بھی نکل آتے ہیں جو چہرے کی رونق کو ماند کردیتے ہیں۔
اس کے لیے آپ کو چاہیے کہ کسی اچھے ماسک کا استعمال کریں اور اگر آپ پیسے بچانا چاہتے ہیں تو ملتانی مٹی کو چہرے پر لگا لیں کیونکہ ملتانی مٹی کا استعمال صدیوں سے کیا جارہا ہے۔
جلد کو خشکی سے بچائیں:
بہت سے لوگوں کی جلد خشک ہوتی ہے جس کے لیے انہیں چاہیے کہ کوئی اچھا Moisturiser کا استعمال کریں۔
اس کے علاوہ ایلو ویرا، وٹامن ای اور گلیسرین کو بطور Moisturiser استعمال کرسکتے ہیں۔