فیکٹ چیک: عدت کیس کی سماعت کرنے والے جج سے متعلق سوشل میڈیا پرجھوٹا دعویٰ

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایک اہلکار اور 2 وکلاء نے تصدیق کی ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص جج افضل مجوکہ نہیں ہے

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیواس دعویٰ کے ساتھ شیئر کی جارہی ہے کہ 27 جون کو عدت کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کی سزاؤں کو معطل کرنے کی درخواستیں مسترد کرنے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ کو اس ویڈیو میں2 خواتین کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص جج نہیں ہے۔

دعویٰ

29 جون کو فیس بک صارف نے ایک پرائیویٹ ویڈیو سے لیا گیا اسکرین شاٹ پوسٹ کیا جس میں ایک شخص کو 2 خواتین کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، صارف نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ”محترم افضل مجوکہ صاحب۔“

صارفین نے اس ویڈیو میں سے لیے گئے مزید اسکرین شاٹس بھی اس دعویٰ کے ساتھ شیئر کیے کہ یہ تصاویر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ کی ہیں۔

فیکٹ چیک: عدت کیس کی سماعت کرنے والے جج سے متعلق سوشل میڈیا پرجھوٹا دعویٰ

نوٹ: جیو فیکٹ چیک نے ویڈیو میں دکھائے گئے افراد کی شناخت کے تحفظ کے لئے سوشل میڈیا پوسٹس کے لنکس کو اس نیوز آرٹیکل میں شامل کرنے سے گریز کیا ہے۔

حقیقت

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایک اہلکار اور 2 وکلاء نے تصدیق کی ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص جج افضل مجوکہ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈمنسٹریشن سپرنٹنڈنٹ محمد صدیق نے جیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پر بتایا کہ آن لائن دعوے غلط ہیں۔

اس کے بعد جیو فیکٹ چیک نے عمران خان کے وکیل مرتضیٰ حسین طوری اور خاور فرید مانیکا کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل زاہد آصف چوہدری سے بھی رابطہ کیا۔ دونوں وکلاء حال ہی میں ہونے والی عدت کیس کی سماعت میں جج کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ دونوں نے جیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص جج محمد افضل مجوکہ نہیں ہے۔

اس کے علاوہ عدت کیس کی کوریج کرنے والے جیو نیوز کے صحافی ارفع فیروز ذکی نے بھی جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں۔

ارفع فیروز ذکی کے علاوہ دونوں وکلاء نے بھی جج محمد افضل مجوکہ کی ذیل میں دی گئی اصل تصویر کی تصدیق کی ہے۔

فیکٹ چیک: عدت کیس کی سماعت کرنے والے جج سے متعلق سوشل میڈیا پرجھوٹا دعویٰ
جج محمد افضل مجوکہ کی چند سال پرانی تصوہر

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔ اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔