04 جولائی ، 2024
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے کوششوں میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی کے لیے نیا منصوبہ پیش کیا ہے۔
حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حماس رہنما اسماعیل ہنیہ مصر اور قطر کے ثالثوں سے رابطے میں ہیں۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ معاہدے پر حماس سے بات چیت کے لیے اسرائیلی وفد بھیجا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق موساد سربراہ اسرائیلی وفد کی سربراہی کررہےہیں اور اس بار جنگ بندی معاہدہ ہونے کا حقیقی امکان موجود ہے۔
اسرائیلی حکام کا بتانا ہے کہ حماس کی دی گئی تجاویز میں اہم پیش رفت شامل ہے جبکہ اسرائیل کی طرف سے کوئی بھی پیش رفت نیتن یاہو پر منحصر ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کا اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں نیتن یاہو نے جوبائیڈن کو بات چیت جاری رکھنے کے لیے وفد بھیجنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل اپنےتمام مقاصد حاصل ہونے پر ہی جنگ روکے گا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر بائیڈن نے نیتن یاہو کے جنگ بندی معاہدے پر بات چیت کےلیے وفد بھیجنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔