05 جولائی ، 2024
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی مینز ٹیم کے ہوم انٹرنیشنل سیزن 2024-25 کی تفصیلات جاری کردیں۔
25-2024 کے دوران ہوم گراؤنڈ پر بنگلا دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، یہ ٹیسٹ میچز کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
ہوم انٹرنیشنل سیزن کے دوران پاکستان 21 سال میں پہلی بار سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گا، شریک ٹیمیں جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ ہوں گی جب کہ سہ فریقی ون ڈے سیریز کے تمام میچ ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا اور پھر ٹیم اس سال کے اواخر میں آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔
پاکستان کے خلاف یہاں کھیلنا چیلنج سے کم نہیں ہوگا: بنگلا دیشی کپتان
بنگلا دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ حکام نے پاکستان آکر کھیلنے پر خوشی کااظہار کیا ہے، بنگلا دیشی کپتان نجم الحسین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے خلاف اسی کے میدان میں کھیلنا چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی گفتگو
دوسری جانب اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ہوم انٹرنیشنل سیزن میں 12 ٹیموں کی میزبانی پاکستانی قوم کی کرکٹ سے محبت اور پی سی بی کی پیشہ ورانہ صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے، کرکٹ برادری میں پاکستان اہم ملک ہے اور وہ تمام رکن ممالک اور آئی سی سی کے ساتھ کھیل کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ غیرملکی شائقین آئیں ، کرکٹ سے اور خوبصورت پاکستان کی سیر سے بھی لطف اندوز ہوں۔