فیکٹ چیک: محتسب پنجاب نے لاکھو ں روپے کے لگژری فونز خریدے

لاہور میں قائم محتسب پنجاب آفس کے میڈیا ایڈوائزر عبدالباسط خان نے جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی کہ افسران کے لیے موبائل فونز خریدنے کے دعوے درست ہیں۔

آن لائن صارفین ایک مبینہ رسید کی تصویر شیئر کر رہے ہیں جس کے مطابق صوبائی محتسب پنجاب کے آفس نے قومی خزانے سے 76 لاکھ روپے سے زائد رقم کے سات iPhones 15 Pro Max اور پانچ Samsung S24 Ultra موبائل فونز خریدے۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین موبائل فونز کی خریداری کی رسید کے اصل ہونے پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

دعویٰ سچ ہے۔ صوبائی محتسب نے مہنگے موبائل فونز کی خریداری کی ہے۔

دعویٰ

آن لائن شیئر کیے جانے والی 2 مئی کی ایک مبینہ سیلز ٹیکس انوائس سے ظاہر ہوتا ہے کہ محتسب پنجاب کے دفتر نے لاہور کے ایک اسٹور سے 76 لاکھ 87 ہزار 380 روپے 56 پیسے مالیت کے 12 موبائل فون خریدےہیں ۔

ان موبائل فونز میں پانچ Samsung S24 Ultra 512GB اور سات Apple iPhone 15 Pro Max 512GB شامل ہیں۔

انوائس کے مطابق ایک سام سنگ ایس 24 الٹرا فون کی قیمت 4 لاکھ 44 ہزار 734 روپے درج ہےجبکہ ایک ایپل آئی فون 15 پرو میکس کی قیمت 6 لاکھ 13 ہزار 84 روپے 47 پیسے ہے۔

فیکٹ چیک: محتسب پنجاب نے لاکھو ں روپے کے لگژری فونز خریدے

اسی طرح کے دعوے سوشل میڈیا پر یہاں، یہاں اور یہاں شیئر کیے گئے ہیں۔

حقیقت

لاہور میں قائم محتسب پنجاب آفس کے میڈیا ایڈوائزر عبدالباسط خان نے جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی کہ افسران کے لیے موبائل فونز خریدنے کے دعوے درست ہیں۔

انہوں نے فون پر کہا کہ”مجھے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، فون خریدے گئے ہیں۔“

عبدالباسط خان نے مزید کہا کہ افسران کو بیرون ملک سے اس کے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے آنے والی ”پیچیدہ معلومات“ سے نمٹنے کے لیے موبائل فونز کی ضرورت تھی۔ تاہم، انہوں نے اس قسم کی”پیچیدہ معلومات“ کی وضاحت نہیں کی جس کے لیے ان مہنگے موبائل فونز کی ضرورت ہوتی ہے۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔