05 جولائی ، 2024
برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کئیر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملک میں حکومت بنانے کی دعوت قبول کرلی ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کئیر اسٹارمر نے کہا کہ وہ ابھی شاہی محل سے واپس آئے ہیں اور انہوں نے بادشاہ چارلس کی جانب سے ملک میں حکومت بنانے کی دعوت قبول کرلی ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کئیر اسٹارمر نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک نے تبدیلی اور قومی تجدید کے لیےفیصلہ کُن ووٹ دیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، برطانیہ کوایک بارپھر رہنمائی کرنے والا ملک بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کی حکومت ہر شہری کواحترام کی نگاہ سے دیکھے گی، ہماری حکومت ان سب کے لیےکام کرے گی جنہوں نے ہمیں ووٹ دیا اور جنہوں نے نہیں دیا۔
برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کے اعتماد میں کمی کا ازالہ عملی اقدامات سے کرنے کی ضرورت ہے۔
کئیر اسٹارمر نے اپنی گفتگو میں سابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کا بھی شکریہ ادا کیا۔
برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی کا 14 سالہ دور ختم ہوگیا جہاں قبل ازوقت ہونے والے عام انتخابات میں لیبر پارٹی نے فتح حاصل کرلی ہے جس کے بعد سر کئیر اسٹارمر نئے وزیراعظم بن گئے ہیں۔
برطانیہ میں عام انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے جہاں 650 میں سے 648 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں اور لیبر پارٹی نے اب تک 412 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔
عام انتخابات میں کنزرویٹو نے 121 اور لبرلز نے 71 نشستیں حاصل کی ہیں۔
حکومت سازی کے لیے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور لیبر پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔