06 جولائی ، 2024
خیبرپختونخوا اسمبلی میں ملازمین کی تعداد 7گنا زیادہ ہونےکا انکشاف ہوا ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں گریڈ 3 سے 22 تک 794 افسران و ملازمین موجود ہیں۔ 145 رکنی اسمبلی میں اِس وقت 119 اراکین اسمبلی سے ملازمین کی تعداد 7 گنا زائد ہے۔
ذرائع کے مطابق بیشتر ملازمین سابقہ اسپیکر اسد قیصر اور مشتاق غنی کے دور میں بھرتی ہوئے ہیں۔ موجودہ اسپیکر اسمبلی بابر سلیم سواتی کی جانب سے اسمبلی ویب سائٹ پر اپلوڈ کیے گئے ملازمین ریکارڈ کے مطابق اسمبلی میں گریڈ 22 کا ایک افسر تعینات ہے، گریڈ 20 کے 8 افسران، گریڈ 19 کے 22 افسران اسمبلی میں موجود ہیں۔
گریڈ 18 کے 48 افسران، گریڈ 17 کے 97 ،گریڈ 16 کے 89 ملازمین موجود ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں گریڈ 15 کے 4،گریڈ 14 کے 91، 12 اسکیل کے17 ملازمین، گریڈ 11 کے 54 جبکہ گریڈ 10 میں ایک ملازم موجود ہے۔
اسمبلی ریکارڈ کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں گریڈ 9 کے 39، گریڈ 8 کا ایک، گریڈ 7 کے 11، گریڈ 6 کے 15 ملازمین ہیں جبکہ گریڈ 5 کے 4، گریڈ 4 کے 90 اور گریڈ 3 کے 197 ملازمین ہیں۔