پاکستان

کراچی: پولیس مقابلےکے دوران گولی لگنے سے جاں بحق خاتون کے اہلخانہ نے دھرنا ختم کردیا

کراچی: پولیس مقابلےکے دوران گولی لگنے سے جاں بحق خاتون کے اہلخانہ نے دھرنا ختم کردیا
مظاہرین سے مذاکرات کررہے ہیں تاہم مظاہرین پولیس پر مقدمہ درج کرانے کے لیے بضد ہیں: پولیس حکام/ فائل فوٹو

کراچی: اسٹیل ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق خاتون کے اہلخانہ کی جانب سے جاری دھرنا کئی گھنٹے بعد ختم کردیا گیا۔

نیشنل ہائی وے پر خاتون کی ہلاکت کیخلاف لواحقین کئی گھنٹوں سے دھرنا دیے ہوئے تھے۔احتجاج کے باعث نیشنل ہائی وے پر ٹریفک معطل ہوگیا جسے  متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ۔

ٹھٹہ سے آنے والے ٹریفک کوپورٹ قاسم اور  پھر مہران ہائی وے کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ شہر سے ٹھٹہ جانے والے ٹریفک کو پورٹ قاسم سے مہران ہائی وے کی جانب موڑ دیا گیا۔کاٹھور سے آنے والی ٹریفک کو سومار گوٹھ سے میمن گوٹھ کی طرف بھیجا جا رہا تھا۔

 مظاہرین پولیس پر مقدمہ درج کرانے کے لیے بضد تھے تاہم اب انہوں نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مقتولہ کے بھائی یعقوب سموں نے میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ ہم احتجاج ختم کر رہے ہیں، معاملہ اللہ پر چھوڑتے ہیں،ہمیں انصاف نہیں ملا،پولیس بہن کی قاتل ہے۔

یعقوب سموں کا کہنا تھا کہ واقعےکے بعد سے ہماری بات نہیں سنی جارہی،قاتلوں کی مدعیت میں مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب  ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر  نے میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ پولیس نے جو مقدمہ درج کیا وہ ان کے خلاف نہیں، یہ حادثاتی واقعہ ہے، ان کی گاڑی کراس فائرنگ کی زد میں آئی۔

ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ہم عدالتی احکامات کی مخالفت نہیں کرسکتے، جوڈیشل انکوائری کے لیے تیار ہیں، اگر پولیس نے غلطی کی ہے تو پولیس والے اندر جائیں گے، متاثرہ اہل خانہ اپنی بات کے علاوہ کچھ سننا ہی نہیں چاہتے۔

مزید خبریں :