Time 07 جولائی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

یوٹیوب کے یہ کارآمد کی بورڈ شارٹ کٹس جانتے ہیں؟

یوٹیوب کے یہ کارآمد کی بورڈ شارٹ کٹس جانتے ہیں؟
یہ شارٹ کٹس یوٹیوب کے استعمال کا تجربہ بہتر بنادیں گے / فائل فوٹو

یوٹیوب دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹس میں سے ایک ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے مگر بہت کم افراد کو اس کے کی بورڈ شارٹ کٹس کا علم ہوتا ہے۔

اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر لوگ روزانہ کافی زیادہ وقت گزارتے ہیں۔

درحقیقت یوٹیوب تو اب بیشتر افراد کے لیے روزگار کا ذریعہ بھی بن چکا ہے مگر اب بھی بیشتر اسے صرف ویڈیوز دیکھنے کے لیے ہی استعمال کرتے ہیں۔

اگر آپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر یوٹیوب کو استعمال کررہے ہیں تو چند کی بورڈ شارٹ کٹس کے بارے میں جاننا مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

ان شارٹ کٹس سے آپ ماؤس کو استعمال کیے بغیر ہی یوٹیوب پر کافی کچھ کرسکتے ہیں۔

ویسے تو یہ فہرست کافی طویل ہے مگر ہم نے ان میں سے سب سے کارآمد شارٹ کٹس کی فہرست مرتب کی ہے۔

یوٹیوب پر j دبانے سے ویڈیو 10 سیکنڈ ریوائنڈ ہوجاتی ہے جبکہ L سے 10 سیکنڈ فارورڈ کرنا ممکن ہے، رائٹ ایرو (فارورڈ) اور لیفٹ ایرو (ریوائنڈ) بھی یہی کام کرتے ہیں مگر وہ 5 سیکنڈ آگے یا پیچھے کرتے ہیں۔

اسپیس بار سے ویڈیو کو اسٹاپ اور پھر پلے کیا جاسکتا ہے جبکہ یہی کام K سے بھی کیا جاسکتا ہے۔

اگر آپ ویڈیو کو pause کرنےکے بعد پلے کیے بغیر آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو کوما یعنی , کو دبا کر رکھنے سے فریم بائی فریم (سیکنڈ بائی سیکنڈ) فارورڈ جبکہ ڈاٹ یعنی . کو دبا کر رکھنے سے فریم بائی فریم ریوائنڈ کیا جاسکتا ہے۔

اسی طرح ویڈیو کو 5 یا 10 سیکنڈ سے زیادہ آگے فارورڈ کرنا چاہتے ہیں تو یہاں نمبر آپ کے کام آئیں گے۔

1 دبانے سے ویڈیو 10 فیصد، 2 دبانے سے 20 فیصد، 3 دبانے سے 30 فیصد، 4 دبانے سے 40 فیصد، 5 دبانے سے 50 فیصد، 6 دبانے سے 60 فیصد، 7 دبانے سے 70 فیصد، 8 دبانے سے 80 فیصد جبکہ 9 دبانے سے 90 فیصد فارورڈ ہوجاتی ہے۔

C سے کیپشن کو آن یا آف کیا جاسکتا ہے، F سے فل اسکرین موڈ آن یا آف ہوتا ہے، سلیش یعنی / کو دبانے سے آپ سرچ باکس پر پہنچ جاتے ہیں، اپ ایرو سے والیوم 5 فیصد بڑھ جاتا ہے جبکہ ڈاؤن ایرو سے 5 فیصد کم ہوجاتا ہے۔

p سے سابقہ جبکہ N سے اگلی ویڈیو پر سوئچ کرنا ممکن ہے، t سے تھیٹر موڈ اور i سے منی پلیئر کو ان ایبل کیا جاسکتا ہے، جس کو اسکیپ دبا کر کلوز کرسکتے ہیں۔

ویڈیو کو میوٹ کرنے کے لیے m سے مدد لی جاسکتی ہے۔

مزید خبریں :