Time 08 جولائی ، 2024
پاکستان

کراچی: کورنگی میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک اور 4 گرفتار

کراچی: کورنگی میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک اور 4 گرفتار
کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مقابلے کے بعد زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا: پولیس/ فائل فوٹو

کراچی: کورنگی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ 2 زخمیوں سمیت 4کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق کورنگی زمان ٹاؤن میں تصویر محل چوکی کے قریب ملزمان لوٹ مار کررہے تھے جس دوران  پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا اور دوسرا فرار ہوگیا، ہلاک ڈاکو سے پستول اور چھینے ہوئے موبائل فون ملے ہیں۔

دوسری جانب  کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مقابلے کے بعد زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزم سیف اللہ، شاہ نواز اور کاشف سے 2 پستول اور چھینے ہوئے موبائل فون ملے ہیں۔

ادھر کورنگی کریک روڈ کے قریب پولیس کا ڈاکوؤں  سے مقابلہ ہوا جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں اسماعیل نامی ڈاکو کو اسلحہ سمیت زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا،گرفتار ملزم سے پستول اور چھینا ہوا موبائل فون ملا ہے۔

مزید برآں ریسکیو  کا کہنا ہے کہ شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 22 سالہ برکت زخمی ہوگیا۔

مزید خبریں :