08 جولائی ، 2024
میٹا نے کچھ ماہ قبل آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مشتمل فیچرز واٹس ایپ میں متعارف کرائے تھے۔
دنیا بھر میں متعدد صارفین یہ اے آئی فیچرز استعمال کر رہے ہیں جو کہ چیٹ جی پی ٹی سے ملتے جلتے ہیں۔
ان فیچرز سے آپ ایپ سے نکلے بغیر تصاویر تیار کرا سکتے ہیں۔
مگر یہ کمپنی ابھی میٹا اے آئی پر کام جاری رکھے ہوئے ہے اور واٹس ایپ اس اے آئی اسسٹنٹ کو مزید بہتر بنا رہی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں میٹا اے آئی میں تصاویر کے تجزیے اور انہیں ایڈٹ کرنے کی تجزیے کی صلاحیت کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
یہ 2 نئے فیچرز واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نئے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان فیچرز کے تحت جب آپ کسی فوٹو کو واٹس ایپ پر اپ لوڈ کرکے اس کے بارے میں سوالات پوچھ سکیں گے جبکہ تحریری ہدایات کے ذریعے تصاویر کو ایڈٹ بھی کرسکیں گے۔
صارفین ان تصاویر کو ڈیوائس سے اپ لوڈ کر سکتے ہیں یا ایپ کے کیمرہ بٹن سے کھینچ کر ایڈٹ کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اپ لوڈ کی گئی تصاویر کا تجزیہ بھی اے آئی کی جانب سے کیا جائے گا اور صارفین ان تصاویر کو کسی بھی وقت ڈیلیٹ کرسکیں گے۔
مگر ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچرز کب تک صارفین کو متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹا اے آئی تصاویر میں سے کسی چیز کو ہٹا سکے گا جبکہ بیک گراؤنڈ کو تبدیل کرسکے گا، بلکہ تصاویر کا انداز مکمل طور پر بدل سکے گا۔
اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ واٹس ایپ میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جو منفرد پروفائل فوٹوز تیار کرے گا۔
یہ فیچر بھی واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کے لیے میٹا اے آئی کے امیجن اسسٹنٹ کو استعمال کیا جائے گا۔
بس آپ کو اے آئی اسسٹنٹ کو تحریری ہدایات دے کر بتانا ہوگا کہ آپ کس طرح کی پروفائل فوٹو چاہتے ہیں۔
اس کے بعد واٹس ایپ کا اے آئی اسسٹنٹ ایسی تصویر تیار کردے گا جو صرف آپ کے لیے ہوگی۔
اے آئی ٹیکنالوجی آپ کی ہدایات کے مطابق ایسی تصویر تیار کردے گی جو آپ کی شخصیت اور دلچسپیوں کی عکاسی کرسکے گی۔