Time 09 جولائی ، 2024
پاکستان

قاسم سوری کی جائیداد کی تفصیلات طلب، بیرون ملک کیسے گئے؟ وفاق کو نوٹس جاری

قاسم سوری کی جائیداد کی تفصیلات طلب، بیرون ملک کیسے گئے؟ وفاق کو نوٹس جاری
بلوچستان حکومت قاسم سوری کی پوری جائیداد کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائے: سپریم کورٹ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری کی جائیداد کی  تفصیلات طلب کرتے ہوئے ان کے بیرون ملک جانے  پر وفاق اور  ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے حلقے میں دوبارہ انتخابات کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔ 

دوران سماعت چیف جسٹس نے نعیم بخاری سے سوال کیا کہ کیا آپ کا قاسم سوری سے رابطہ نہیں ہے؟ اس پر نعیم بخاری نے جواب دیا کہ  میرا بالکل قاسم سوری کے ساتھ رابطہ نہیں ہے، چیف جسٹس نے کہا  آپ اپنے کلائنٹ کو پکڑ کر تو نہیں لا سکتے، قاسم سوری کوبتائیں کہ سپریم کورٹ کوایسےاستعمال نہیں ہونے دینگے۔ 

چیف جسٹس نے کہا کہ قاسم سوری سپریم کورٹ سے حکم امتناع لے کر بیٹھ گئے، کیا حکم امتناع کے بعد کیس نہیں چلے گا، قاسم سوری نے حکم امتناع پر غیر آئینی اقدام کیا، ایک قرارداد کوجوازبناکر عدم اعتماد کی تحریک کو مسترد کردیا۔  

نعیم بخاری نے معاملے پر از خود نوٹس لینےکی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت قاسم سوری کی اپیل مستردکرکےعدم حاضری کا ازخود نوٹس لے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پھر قاسم سوری کی جائیداد کی تفصیلات منگوا لیتے ہیں، نعیم بخاری نے کہا پراپرٹی کی تفصیلات منگوانے پرتو مردہ بھی قبرسے پیش ہو جاتا ہے۔ 

جسٹس مسرت ہلالی نے وکیل نعیم بخاری سے کہا آپ کورٹ سےکیوں بھاگ رہے ہیں؟ آپ ان کو ہماراپیغام پہنچائیں، نعیم بخاری نے جواب دیا  میرا قاسم سوری سے کوئی رابطہ ہی نہیں ہے، پیغام کیسے بھیجوں؟ 

بعد ازاں سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے حکم نامہ لکھوایا جس میں کہا گیا ہےکہ  اخباروں میں اشتہار جاری کیا گیا لیکن قاسم سوری عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور  وکیل نعیم بخاری کا بھی قاسم سوری سے کوئی رابطہ نہیں ہے، وفاقی حکومت، بلوچستان حکومت اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کیاجاتا ہے۔

حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت قاسم سوری کی پوری جائیداد کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائے اور  وفاقی حکومت اور ایف آئی اے عدالت کو  آگاہ کریں کہ قاسم سوری کیسے بیرونِ ملک روانہ ہوئے؟

مزید خبریں :