Time 09 جولائی ، 2024
پاکستان

کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق

شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز موسلا دھار بارش کا آغاز ہوگیا۔

مون سون کے پہلے اسپیل کے دوسرے روز کراچی کے مختلف علاقوں میں دوپہر سے تیز ہواؤں کے ساتھ مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوئی۔ اولڈ سٹی ایریا، اورنگی ٹاؤن، سرجانی، یونیورسٹی روڈ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، کورنگی اور کیماڑی سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

بارش کے باعث سوک سینٹر، کے ڈی اے چورنگی سمیت مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ بارش کے بعد شاہراہ فیصل سمیت مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام رہا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب سرجانی سیکٹر سیون اے میں دکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا، گلشن معمار میں تیز ہوا کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں مزید بارش ہونے کے امکانات موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایاکہ سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اولڈ سٹی ایریا میں 31 اور اورنگی ٹاون میں 30ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

مزید خبریں :